را‘‘ اور’’ موساد‘‘ کا دفاعی اتحاد، 10برسوں میں کیا کیا ؟ چونکا دینے والے انکشافات سامنے آ گئے

لاہور ( نیوز ڈیسک)’’را‘‘ اور’’ موساد‘‘ کا خفیہ تعاون دفاعی اتحاد بن چکا، 10برسوں میں، بھارت نے اسرائیل سےکتنے بلین ڈالرز کے جنگی ڈرون اور میزائل درآمد کیے۔۔؟ اس حوالے سے حیران کن تفصیلات سامنے آئی ہیں ۔
یہود و ہنود کا بڑھتا ہوا اتحاد خطے کے امن کے لیے بڑا خطرہ بن چکا ہے ، ایران پر اسرائیلی حملہ دراصل یہود و ہنود سازش کا شاخسانہ ہے۔’’را ‘‘اور ’’موساد‘‘ کا 1980 ءسے جاری خفیہ تعاون اب باقاعدہ دفاعی اتحاد بن چکا ہےجس کا مقصد خطے میں بد امنی پھیلانا ہے۔بھارت اور اسرائیل کا دفاعی گٹھ جوڑ اب صرف اسلحہ نہیں، بلکہ سائبر سیکیورٹی اور انٹیلی جنس تک پھیل چکا ہے۔گزشتہ 10 برسوں میں بھارت نے اسرائیل سے 2.9 بلین ڈالرز مالیت کا فوجی ہارڈویئر جس میں ریڈار، نگرانی اور جنگی ڈرون اور میزائل درآمد کیے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارت نے اسرائیلی ڈرونز (Heron UAVs)، Tavor رائفلز اور Spice-2000 بم گائیڈنس سسٹمز جیسے ہتھیار اپنے فوجی اثاثوں میں شامل کیے ۔بالاکوٹ حملے میں اسرائیلی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ، بھارت کے ہتھیاروں میں باراک-8میزائل سسٹم، ہیرون ڈرونز اور سپائس سسٹم شامل کیے گئے ۔باراک-8 میزائل کی مشترکہ تیاری اور فیلکن ریڈار کی تنصیب ہند و یہود گٹھ جوڑ کی عملی تصویر بن چکی ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ’’2017 کے بعد بھارت اور اسرائیل کا سائبر سیکیورٹی میں گٹھ جوڑ، مشترکہ تربیت و ڈیجیٹل نظام میں تعاون بڑھا۔اسرائیلی دفاعی کمپنیاں Elbit Systems اور IAI، بھارتی اداروں Adani Defense، HAL کے ساتھ مشترکہ منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔ Hermes 900 ڈرونز اور جدید دفاعی ساز و سامان اب اسرائیلی تعاون سے بھارت میں ہی تیار کیا جا رہا ہے۔ اسرائیلی TecSAR سیٹلائٹ ISRO نے لانچ کیا، جو بھارتی سرحدوں پر جدید نگرانی کے نظام کا حصہ بن چکا ہے۔‘‘

ذرائع کے مطابق ’’آپریشن بنیان المرصوص‘‘ اور معرکۂ حق‘‘ میں بھارتی افواج کی جانب سے اسرائیلی ساختہ HAROP ڈرونز اور ٹیکنالوجی کا استعمال اس گہرے اتحاد کا ثبوت ہے جو اسرائیل اور بھارت نے پاکستان کے خلاف تشکیل دیا ہے۔بھارت-اسرائیل عسکری اشتراک کے تناظر میں پاکستان کو دفاعی خود کفالت اور ٹیکنالوجی میں برتری حاصل کرنا ہوگی اور یہود و ہنود گٹھ جوڑ کے خلاف تیار رہنا ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close