ریاض(نیوز ڈیسک) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ مملکت میں موجود ایرانی زائرین ایران میں حالات معمول پر آنے تک ان کے مہمان ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان نے جمعہ کے روز سعودی حکام کو حکم دیا ہے کہ مملکت میں پھنسے ہوئے ایرانی عازمین حج کو اس وقت تک ہر قسم کی ضروری مدد فراہم کی جائے جب تک ان کی محفوظ وطن واپسی یقینی نہ ہو۔
شاہ سلمان نے کہا سعودی عرب میں موجود ایرانی زائرین ہمارے مہمان ہیں، ان کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنایا جائے، سعودی وزارت حج و عمرہ ایرانی زائرین کی ہر ممکن مدد کرے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے یہ ہدایت اسرائیلی حکام کی جانب سے ایران کے خلاف صبح سویرے فضائی حملے شروع کیے جانے کے فوراً بعد سامنے آئی۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق پھنسے ہوئے ایرانی زائرین کو مدد فراہم کرنے کا منصوبہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بادشاہ کو پیش کیا تھا۔ وزارت حج و عمرہ کو اس بات کو یقینی بنانے کا کام سونپا گیا ہے کہ زائرین تمام ضروری تعاون حاصل کر سکیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے جمعہ کی صبح ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے، جس میں جوہری مقامات، جوہری سائنس دانوں اور فوجی سربراہوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری، اور 6 جوہری سائنس دان بھی شہید ہوئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں