واشنگٹن پوسٹ نے پاک،بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی میڈیا کا گمراہ کن پروپیگنڈا بے نقاب کر دیا۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا نے پاک،بھارت کشیدگی کے دوران گمراہ کن پروپیگنڈا کیا، بھارتی میڈیا نے آپریشن بنیان مرصوص کے دوران جھوٹی خبریں پھیلائیں،بھارتی میڈیا نے اپنی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلائیں ۔
واشنگٹن پوسٹ نے انکشاف کیا کہ’’9مئی کو بھارتی میڈیا نے پاکستان میں بغاوت اور کراچی پر مبینہ بحریہ کے حملے کی جھوٹی خبریں پھیلائیں،ان جھوٹی خبروں کی بنیاد غیر مصدقہ ذرائع سے موصول ہونے والے واٹس ایپ پیغامات اور سوشل میڈیا دعوے تھے۔اس غلط خبر کو بھارتی میڈیا کے بڑے چینلز زی نیوز، این ڈی ٹی وی اور آج تک نے سنسنی خیز انداز میں نشر کیا۔من گھڑت خبر کو سچ ثابت کرنے کیلئے غیر متعلقہ فوٹیجز اور ویڈیو گیمز کےکلپس تک کا استعمال کیا گیا۔بھارتی نامور چینلز نے ایسا جھوٹ پھیلا کر اپنی عوام کو گمراہ اور افواہوں کو ہوا دی۔‘‘
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق’’یہ واقعہ محض صحافتی غلطی نہیں بلکہ ایک منظم بیانیے کا حصہ ہے،ایسی جھوٹی خبروں نے ’’ہائپر نیشنلسٹ‘‘ رجحانات، سیاسی دباؤاور حکومت کی خاموشی کو مزید تقویت دی۔ بعض بھارتی صحافیوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے جانچ پڑتال کیے بغیر رپورٹنگ کی۔ نیوز رومز پر ریٹنگز، اسپیڈ اور حکمران جماعت کے مؤقف سے ہم آہنگ ہونے کا دباؤ حاوی تھا۔ چند اعلیٰ عہدیداروں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ یہ غلط معلومات پھیلانا ایک اسٹریٹجک فیصلہ تھا، ایسی من گھڑت خبروں کا کا مقصد رائے عامہ کو متاثر کرنا تھا۔ پاک،بھارت کشیدگی کے بعد بعض بھارتی اینکرز نے غلطی تسلیم کرنے کی بجائے اس کا بھی دفاع کیا۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق سابق بھارتی ایڈمرل نے اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ’’ ہم بھارتی میڈیا کے صحافیوں کی وجہ سے معلومات کی جنگ ہار چکے ہیں‘‘۔
بھارت کے قومی سلامتی کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ’’ غلط معلومات بھارت کے فائدے میں ہیں۔سرکاری ذرائع ابلاغ جب جان بوجھ کر جھوٹے دعوے کریں تو اس کا مطلب ابہام پیدا کرنا ہوتا ہے۔ایسے جھوٹے دعوؤں کا مقصد اطلاعات کے میدان میں فائدہ اٹھانا بھی ہوتا ہے‘‘۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں