کرنسی نوٹوں سے تصویر ہٹادی گئی

 

بنگلہ دیش نے اتوار کے روز نئی سیریز کے بینک نوٹ جاری کئے ہیں جن پر ملک کے بانی اور سابق صدر شیخ مجیب الرحمٰن کی تصویر شامل نہیں ہے۔

بنگلہ دیش میں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے اقتدار کے خاتمے اور ان کے بھارت فرار ہونے کے بعد نگران حکومت قائم کی گئی ہے جس کی قیادت معروف ماہر معیشت محمد یونس کر رہے ہیں اور نئی حکومت کے قیام کے بعد یہ پہلی بار ہے کہ مرکزی بینک نے نوٹوں کے ڈیزائن میں نمایاں تبدیلی کی ہے۔

مرکزی بینک کے ترجمان عارف حسین خان نے اے ایف پی کو بتایا کہ اب نوٹوں پر کسی انسانی شخصیت کی تصویر شامل نہیں کی جائے گی اور اس کے بجائے قدرتی مناظر، تاریخی مقامات، مندروں، محلات اور دیگر ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے والی تصاویر نوٹوں پر شامل کی گئی ہیں۔

نئے ڈیزائن میں بنگالی مصور زین العابدین کے بنگال کے قحط پر بنائے گئے معروف فن پارے کو بھی جگہ دی گئی ہے۔اس کے علاوہ پاکستان سے آزادی کی جنگ کے شہداءکی یادگار “نیشنل مارٹرز میموریل” بھی ایک نوٹ پر دکھائی دے گی۔اتوار کو نو مختلف مالیت میں سے تین نئے نوٹ جاری کئے گئے جبکہ باقی نوٹ مرحلہ وار جاری کئے جائیں گے۔موجودہ نوٹ اور سکے بدستور گردش میں رہیں گے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بنگلہ دیش میں کرنسی نوٹوں کا ڈیزائن سیاسی حالات سے متاثر ہوا ہو۔1972 میں آزادی کے بعد جاری کئے گئے پہلے نوٹوں پر ملک کا نقشہ دکھایا گیا تھا جبکہ بعد میں عوامی لیگ کی حکومت نے شیخ مجیب الرحمٰن کی تصویر شامل کی۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ اس وقت بھارت میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں اور بنگلہ دیش میں ان کے خلاف بغاوت کو کچلنے کی کوشش کے الزام میں مقدمہ چل رہا ہے۔انہوں نے عدالتی حکم کے باوجود وطن واپسی سے انکار کر دیا ہے اور عوامی لیگ پر بھی گزشتہ ماہ پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close