سگریٹ نوشی پر پابندی۔۔۔۔۔۔۔۔ فرانس میں بچوں کی موجودگی والی تمام جگہوں پر سگریٹ نوشی پر پابندی کا اعلان کردیا گیا، اطلاق یکم جولائی 2025 سے ہوگا۔
فرانس کی حکومت نے سگریٹ نوشی پر ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یکم جولائی 2025ء سے ان تمام کھلی عوامی جگہوں پر تمباکو نوشی پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی جہاں بچوں کی آمد و رفت ممکن ہو۔ان مقامات میں ساحلِ سمندر، پارکس، عوامی باغات، اسکولوں کے باہر، بس اسٹاپس اور کھیلوں کے میدان شامل ہیں، خلاف ورزی کرنے والے افراد پر 135 یورو (تقریباً 154 امریکی ڈالر) تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا، کیفے کی ٹیرسوں اور ای سگریٹس پر یہ پابندی لاگو نہیں ہوگی۔
فرانسیسی وزیرِ صحت اور خاندانی بہبود کاتھرین ووترین نے معروف فرانسیسی اخبار کو انٹرویو میں کہا کہ تمباکو کو اُن تمام جگہوں سے ختم ہونا چاہیے جہاں بچے موجود ہوں، سگریٹ نوشی کی آزادی وہیں ختم ہو جاتی ہے جہاں بچوں کے صاف ہوا میں سانس لینے کا حق شروع ہوتا ہے۔فرانس میں ہر سال تقریباً 75,000 افراد تمباکو سے جڑی بیماریوں کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار جاتے ہیں، ایک حالیہ عوامی رائے شماری کے مطابق 62 فیصد فرانسیسی شہری کھلی جگہوں پر سگریٹ نوشی پر مکمل پابندی کے حامی ہیں۔
یہ اقدام فرانس میں عوامی صحت کو بہتر بنانے اور بچوں کو دھوئیں سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک بڑا قدم تصور کیا جا رہا ہے، حکومت کا کہنا ہے کہ عوامی آگاہی مہم اور واضح ہدایات کے ذریعے اس قانون پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں