‘ماں میں چور نہیں ہوں’، 12 سالہ بچے نے خودکشی کر لی

‘ماں میں چور نہیں ہوں’، 12 سالہ بچے نے خودکشی کر لی۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بھارت میں دکاندار کی جانب سے چپس چوری کرنے کے الزام پر کم عمر بچے نے خودکشی کرلی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست مغربی بنگال کے ضلع پچھم میدنی پور میں پیش آیا، جہاں 7 ویں جماعت کے طالب علم نے زندگی ختم کرنے کا انتہائی قدم اٹھایا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 12 سالہ بچے کا نام کرشندو داس تھا جس پر دکاندار نے چپس کے پیکٹ چوری کرنے پر الزام لگاتے ہوئے اسے بے عزت کیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک مٹھائی کی دکان کے مالک نے دعویٰ کیا کہ چپس کے تین پیکٹ ان کی دکان سے ہوا سے اڑ گئے، جنہیں قریب ہی موجود بچے نے اٹھایا، جس کے بعد دکاندار نے لڑکے پر چوری کا الزام لگایا، اسے ڈانٹا اور کان پکڑ کر معافی مانگنے پر مجبور کیا،اس کے علاوہ اسے 15 روپے ادا کرنے پربھی مجبور کیا۔اس حوالے سے پولیس نے بتایا کہ واقعے کا علم ہونے کے بعد لڑکے کی ماں نے بھی اسے ڈانٹ پلائی اور تھپڑ مارا، والدہ نے بتایا کہ بچے نے دکاندار کو سمجھانے کی بھی کوشش کی اور کہا کہ میں چپس کے پیکٹ خرید لوں گا لیکن دکاندار کے کوئی جواب نہ ملنے پر وہ ایک پیکٹ لے کر چلا گیا۔

پولیس کے مطابق چوری کے الزام اور بے عزت کرنے پر بچے نے کیڑے مار دوا پی لی جسے اسپتال بھی لے جایا گیا تاہم بدقسمتی سے وہ موت کے منہ میں چلا گیا۔پولیس کے مطابق گھر والوں نے مزید بتایا کہ مرنے سے قبل بچے نے اپنی والدہ کے نام خط بھی لکھا جس میں تمام تر تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ماں، میں چور نہیں ہوں اور میں نے چپس کا پیکٹ چوری نہیں کیا۔بچے نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ یہ میرے آخری الفاظ ہیں، اور مجھے خودکشی کرنے پر معاف کر دیں۔پولیس کے مطابق بچے کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے جبکہ واقعے کے بعد سے دکاندار فرار ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close