سائبر حملوں سے نمٹنے کیلئے قانون نافذ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جاپان نے سائبر سیکیورٹی کے میدان میں ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے ’ایکٹیو سائبر ڈیفنس لاء‘ (ACD) نافذ کر دیا ہے، جس کی ملکی پارلیمنٹ نے باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔
اس قانون کے تحت جاپانی حکام کو یہ اختیار حاصل ہو گیا ہے کہ وہ بیرونی ممالک سے موصول ہونے والی مشکوک ڈیجیٹل سرگرمیوں پر نظر رکھ سکیں، ان میں مداخلت کر سکیں اور ضرورت پڑنے پر مؤثر جوابی کارروائی انجام دے سکیں۔حکومت کا کہنا ہے کہ اس قانون کا مقصد صرف غیر ملکی سائبر حملوں کو روکنا ہے، جبکہ مقامی شہریوں کی پرائیویسی اور بنیادی حقوق کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق جاپان میں سائبر خطرات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اس تناظر میں یہ قانون وقت کی ضرورت بن چکا تھا۔کئی ماہرین نے اس اقدام کو جاپان کے سائبر دفاعی نظام میں ’ایک بنیادی اور طاقتور پیش رفت‘ قرار دیا ہے، جو ملک کے حساس اداروں اور ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کو بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔یہ قانون ناصرف جاپان کے داخلی تحفظ کو مضبوط بنائے گا بلکہ بین الاقوامی سطح پر سائبر حملوں کے خلاف مربوط ردعمل کی راہ بھی ہموار کرے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں