بھارتی فضائیہ نے رافیل طیارہ گرنے کا اعتراف کرلیا

بھارتی فضائیہ کے ایئرمارشل اودیش کمار بھارتی نے پاکستانی ایئرفورس کی جانب سے رافیل طیارہ گرائے جانے کی تصدیق کردی، کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں، جنگ میں نقصان ہوتا ہے۔

نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران، جب صحافی نے ایئر مارشل اودیش کمار (اے کے) بھارتی سے پوچھا کہ کیا وہ اس بارے میں اعداد و شمار دے سکتے ہیں کہ بھارت نے کتنے اثاثے کھوئے ہیں، اور یہ کہ بین الاقوامی میڈیا میں رافیل طیارے گرائے جانے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

اس سوال کے جواب میں ایئرمارشل اے کے بھارتی نے کہا کہ بھارت اس وقت حالت جنگ میں ہے اور جنگ میں نقصان ہوتا ہے۔

انہوں نے صحافی سےکہا کہ انہیں یہ پوچھنا چاہیے کہ کیا بھارت نے اپنے مقاصد حاصل کر لیے ہیں، خاص طور پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا ہدف، تو اس کا جواب اثبات میں ہے۔

ایئر مارشل اے کے بھارتی نے کہا کہ نقصانات کے بارے میں وہ اس وقت کوئی تبصرہ نہیں کریں گے کیونکہ اس سے دشمن کو فائدہ پہنچے گا اور وہ دشمن کو کوئی فائدہ نہیں پہنچانا چاہتے۔

ایئر مارشل اے کے بھارتی کا کہنا تھا کہ وہ صرف یہی کہیں گے کہ انہوں نے اپنے اہداف حاصل کر لیے ہیں اور ان کے تمام پائلٹ بحفاظت واپس آ چکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close