اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان پر بھارتی میزائل حملوں اور عسکری جارحیت پر عالمی برادری کی تشویش بڑھنے لگی ہے، چین اور جاپان نے اس معاملے پر فوری ردعمل دیتے ہوئے امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک سے تحمل اور بات چیت پر زور دیا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ نے پاکستان پر بھارتی جارحیت کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی پر چین کو شدید تشویش ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان اور بھارت کو امن کو موقع دینا چاہیے، دونوں ممالک پرسکون رہیں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو کشیدگی کو ہوا دے سکتے ہیں۔
چین نے زور دیا کہ خطے کے امن و سلامتی کو قائم رکھنے کے لیے دونوں ممالک کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدہ صورتحال کو مزید بگاڑنے سے بچنا ہوگا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں تحمل اور مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔
ادھر جاپان نے بھی پہلگام واقعے کو جواز بنا کر پاکستان پر کیے گئے بھارتی حملے پر ردعمل دیتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور بات چیت سے مسائل کا حل تلاش کرنے پر زور دیا ہے۔جاپانی چیف کیبنٹ سیکرٹری نے کہا ہے کہ جاپان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور پاکستان و بھارت پر زور دیتا ہے کہ وہ موجودہ کشیدگی کو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔
واضح رہے کہ بھارت نے حالیہ میزائل حملوں میں بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد میں شہری آبادی اور مساجد کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد شہری شہید اور زخمی ہوئے۔ اس کے جواب میں پاکستان نے صرف بھارتی فوجی تنصیبات اور جنگی اثاثوں کو نشانہ بنایا، جس میں پانچ بھارتی طیارے اور کئی فوجی پوسٹیں تباہ ہوئیں، جبکہ سویلین کو نشانہ بنانے سے گریز کیا گیا۔
بین الاقوامی سطح پر چین اور جاپان کا یہ ردعمل اس بات کی علامت ہے کہ دنیا اب اس خطرناک صورتِ حال پر سنجیدگی سے نظر رکھے ہوئے ہے اور خطے میں امن و سلامتی کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ بڑھ رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں