پاکستان اور بھارت کشیدگی ،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے بڑی پیشکش کر دی

 

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کردی ہے۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے نیویارک میں اپنے ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی پچھلے چند برسوں کے مقابلے میں اپنے عروج پر ہے۔

انتونیو گوتریس نے بھارت کو پاکستان کے خلاف جنگ شروع کرنے سے خبردار کیا اور واضح کیا ہےکسی بھی ایسے فوجی تصادم سے گریز کیا جائے جو قابو سے باہر ہوسکتا ہو۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ وہ دونوں ملکوں کی حکومتوں اور عوام کے شکر گزار ہیں کہ وہ اقوام متحدہ کے کاموں میں بشمول امن دستوں میں قابل ذکر کردار ادا کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں یہ دیکھ کر دکھ ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی انتہا کو پہنچی ہوئی ہے۔

انہوں نےکہا کہ وہ 22 اپریل کو پہلگام میں ہوئی خوف ناک دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ شہریوں کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے اور جو اس واقعے کے ذمہ دار ہیں انہیں معتبر اور قانونی ذرائع سے انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔ انتونیو گوتریس نے بھارت کو خبردار کیا کہ اس نازک موقع پر کسی بھی ایسے فوجی تصادم سے گریز کیا جائے جو قابو سے باہر ہوسکتا ہو، یہ وہ وقت ہےکہ انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا جائے اور ایک قدم پیچھے ہٹا جائے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے لیے ان کا یہ پیغام ہے کہ یاد رکھیں فوجی حل کوئی حل نہیں، وہ امن کے قیام کے لیے اپنا دفتر دونوں ملکوں کی حکومتوں کو پیش کرتے ہیں، وہ ایسے ہر اقدام میں تعاون کے لیے تیار ہیں جو کشیدگی میں کمی لائے، سفارت کاری کی ترویج کرے اور ایک بار پھر امن کا عزم کرنے کی حوصلہ افزائی کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close