ایپل نے چارٹر پروازوں کے ذریعے 600 ٹن یعنی 15 لاکھ آئی فونز بھارت سے امریکا منتقل کر دیے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایپل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد کیے گئے ٹیرف سے بچنے کے لیے 15 لاکھ آئی فونز امریکا بھیج دیے۔اس حوالے سے تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ کمپنی کے چین سے درآمدات پر انحصار ہونے کی وجہ سے امریکا میں آئی فونز کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ ٹرمپ کی جانب سے چین سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر سب سے زیادہ 125 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کی درآمدات پر بھی 26 فیصد سے زائد ٹیرف عائد کیا ہے لیکن ابھی اگلے 90 دن تک یہ نافذ العمل نہیں ہو گا کیونکہ امریکی صدر نے چین کے علاوہ تمام ممالک سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر عائد ٹیرف کو اگلے 90 دن کے لیے معطل کر دیا۔رپورٹ کے مطابق ایپل نے بھارتی حکام سے درخواست کر کے ریاست تامل ناڈو کے چنئی ایئر پورٹ پر کسٹم کلیئرنس کے لیے درکار وقت کو 30 گھنٹوں سے کم کر کے 6 گھنٹے کروایا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ چنئی ایئر پورٹ پر اس’گرین کوریڈور‘ کا انتظام اس ماڈل کی تقلید کرتا ہے جو ایپل چین کے کچھ ایئر پورٹس پر استعمال کرتا ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ سے اب تک 100 ٹن مال لے کر جانے کی گنجائش رکھنے والے تقریباً 6 کارگو طیارے پرواز کر چکے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک آئی فون 14 اور اس کے چارجنگ کیبل کا پیک شدہ وزن تقریباً 350 گرام ہوتا ہے جس کا مطلب ہے کہ 600 ٹن کے کارگو میں تقریباً 15 لاکھ آئی فونز شامل تھے۔فی الحال اس حوالے سے ایپل اور بھارت کی ایوی ایشن منسٹری کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا اور خبر ایجنسی نے جن ذرائع سے یہ معلومات حاصل کی ہیں اُنہوں نے بھی تمام معلومات اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر فراہم کی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں