بھارتی ریاست بہار اور کئی ضلعوں میں تیز بارش اور بجلی گرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، آسمانی بجلی گرنے کے باعث 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ جس میں بیگوسرائے کے 4 اور مدھوبنی کے 3 افراد شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات نے بھی ریاست کے 19 ضلعوں میں آندھی – طوفان اور تیز بارش کے لیے الرٹ جاری کردیا ہے، لوگوں کو موسم کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق بیگوسرائے میں دیر رات موسم بدلنے کے بعد تیز بارش ہوئی۔ اسی دوران آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے 2 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔مانو پور گاؤں میں 13 سالہ انشو کماری ہلاک ہوگئی، بلیا تھانہ حلقہ کے بھگت پور میں بجلی گرنے سے بزرگ مزدور بھی ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کی اہلیہ زخمی ہوئی ہے۔ دونوں بھونسا ڈھونے کے لیے بہیار جا رہے تھے۔
صاحب پور کمال کے سنہا نوٹولیہ کی اندرا دیوی کی بھی موت بجلی گرنے سے ہوئی۔ یہ واقعہ مسودن پور دیارہ سڑک کے موہن پور ڈھاب کے قریب پیش آیا۔ ایک کسان فصل دیکھ کر لوٹ رہا تھا کہ اچانک بجلی گرنے سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
مدھوبنی میں بدھ کی صبح بجلی گرنے سے باپ-بیٹی سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے، پہلا واقعہ جھنجھار پور کے پپرولیا میں ہوا۔ بجلی کی زد میں آنے سے کھیت کی طرف گئی ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔الپورہ گاؤں میں بجلی گرنے سے باپ بیٹی کی موت ہوگئی۔ 62 سالہ ذاکر 18 سال کی بیٹی عائشہ کو لے کر کھیت میں موجود تھے کہ حادثہ رونما ہوگیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں