خوفناک دھماکہ، 18 افرادمارے گئے

بھارتی ریاست گجرات کی پٹاخہ فیکٹری میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک ہو گئے۔ بی بی سی ہندی کے مطابق آتشزدگی کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے۔

فیکٹری کے باہر اس وقت بھی متعدد ایمبولینسز، فائر فائٹرز اور سرکاری افسران ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں دھماکہ صبح 10 بجے کے قریب ہوا تھا جس کے باعث اس کی چھت گر گئی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فیکٹری میں کام کرنے والے ملازمین کے خاندان بھی اسی عمارت میں مقیم تھے اور متعدد افراد ابھی بھی مبلے تلے دبے ہوئے ہیں۔

اس سے قبل ضلع کے کلیکٹر مہیر پٹیل کا کہنا تھا کہ فیکٹری پوری کی پوری گر گئی ہے اور وہ ملبہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انھوں نے اس وقت 13 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی جو کہ اب بڑھ کر 18 ہو چکی ہے۔ مہیر پٹیل کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے کے وقت فیکٹری میں پٹاخے بنائے جا رہے ہیں۔

دھماکے کے بعد متعدد زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، ملبے سے مزید افراد کو نکالنے کے لیے امدادی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پٹاخہ فیکٹری میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی جبکہ دھماکے کے وقت فیکٹری میں تقریباً 30 مزدور کام کر رہے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد فیکٹری کا مالک فرار ہوگیا ہے جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے پولیس کی تحقیقات جاری ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close