ویب ڈیسک (پی این آئی) بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہربیڑ کے ایک گاؤں کی مسجد میں دھماکے سے مسجد کو نقصان پہنچا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ رات 3 بجے ہونے والے دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم دھماکے سے مسجد کے فرش اور دیواروں کو نقصان پہنچا۔پولیس نے تحقیقات کےدوران سوشل میڈیا پر چلنے والی ایک ویڈیو کی مدد سے دھماکے میں ملوث 2 مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق مسجد میں دھماکا جیلیٹن اسٹکس کی مدد سےکیا گیا ہے جو عام طور پر کان کنی اور تعمیرات کے شعبے میں استعمال ہوتی ہیں۔
اس حوالے سے درج ایف آئی آر کے مطابق ہفتے کی شام گاؤں میں ایک جلوس نکالا گیا جس میں مختلف برادریوں کے لوگوں نے شرکت کی، رات تقریباً 9.30 بجے دو لوگ موقع پر پہنچے اور مسجد کی تعمیر پر سوال کرنے لگے، ساتھ ہی انہوں نے فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے کی بھی کوشش کی تاہم صورتحال پر قابو پالیا گیا۔بعد ازاں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پولیس کو معلوم ہوا کہ دو مشتبہ افراد نے مسجد کے اندر جیلیٹن اسٹکس رکھ دی ہیں۔
پولیس کے مطابق انہیں گاؤں کے سرپنچ کی طرف سے کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ مسجد میں دھماکا ہوا ہے، پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا، لوگوں کے بیان ریکارڈ کیے اور مقدمہ درج کرکے دونوں مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکےکے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں