بڑا ڈرون حملہ، زوردار دھماکہ

 

یوکرین نےروس کے اینگلز سٹریٹجک بمبار اڈے کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں زبردست دھماکہ ہوا اور آگ لگ گئی۔ یہ اڈہ جنگ کے محاذ سے تقریباً 700 کلومیٹر دور واقع ہے۔ روسی حکام اور میڈیا نے اس حملے کی تصدیق کی ہے۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق روسی ٹیلیگرام چینلز پر گردش کرنے والی غیر تصدیق شدہ ویڈیوز میں ایئربیس سے ایک بڑا دھماکہ پھیلتا ہوا دکھائی دے رہا ہے، جس سے قریبی مکانات کو نقصان پہنچا۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے یوکرین کے 132 ڈرونز کو روسی علاقوں میں مار گرایا۔
روئٹرز نے کچھ ویڈیوز کی تصدیق کی ہے جن میں عمارتوں کی پوزیشن اور ساخت کو دیکھتے ہوئے اندازہ لگایا گیا کہ متاثرہ علاقے میں دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں اور مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ اینگلز ایئربیس سوویت دور کے اوائل سے موجود ہے۔ یہ روس کے ٹی یو 160 جوہری صلاحیت رکھنے والے بھاری سٹریٹجک بمبار طیاروں کا مرکز ہے، جنہیں غیر رسمی طور پر “وائٹ سوانز” کہا جاتا ہے۔
یوکرین اس سے پہلے بھی دسمبر 2022 میں اینگلز ایئربیس پر حملے کر چکا ہے۔ جنوری میں اس نے دعویٰ کیا تھا کہ اس بیس پر ایندھن کے ذخیرے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک بڑی آگ بھڑک اٹھی تھی، جسے بجھانے میں پانچ دن لگے۔ ایک یوکرینی سیکیورٹی ذریعے کے مطابق، اس وقت کیے گئے ڈرون حملے نے اینگلز بیس میں موجود گائیڈڈ بموں اور میزائلوں کے ذخیرے کو نقصان پہنچایا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close