بیرون ملک جانیوالوں کیلئے اہم خبر

برطانیہ جانے والے مسافروں کو کل بڑی خوشخبری ملنے کا امکان ہے، جس سے مشکلات میں ریلیف ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں پی آئی اے سمیت پاکستانی ایئرلائنز پر 5 سال سے لگی پابندی کے معاملے پر برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی کا اہم اجلاس کل کو ہوگا۔کمیٹی پی آئی اے سمیت تمام پاکستانی ایئرلائنز کے کیس پر غور کرے گی ، سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ امید ہے کل برطانوی ایئرسیفٹی کمیٹی پاکستانی ایئر لائنز پر پابندی ہٹادے گی۔

حکام کا کہنا تھا کہ یورپ کے بعد کل برطانیہ میں بھی پاکستانی ایئرلائنز کی بحالی کا امکان ہے۔خیال رہے کہ جون 2020 میں یورپ اور برطانیہ نے پی آئی اے کی کمرشل پروازوں پر اپنی فضائی حدود کے استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔اس پابندی کے محرکات میں کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والا حادثہ شامل تھا جس کے بعد اس وقت کے وزیر ہوابازی نے پارلیمنٹ میں یہ بیان دیا تھا کہ پی آئی اے نے جعلی لائسنس پر پائلٹ بھرتی کر رکھے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال یورپی یونین کی جانب سے پابندی ختم ہونے کے بعد 10جنوری کو قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی پہلی پرواز ساڑھے چار سال بعد پیرس کے لیے روانہ ہوئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close