شمالی مقدونیہ کے شہر کوچانی میں ایک نائٹ کلب میں آتشزدگی کے باعث کم از کم 51 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ اتوار کی علی الصبح پیش آیا جب کلب میں ایک کنسرٹ جاری تھا، جس میں 1500 سے زائد افراد موجود تھے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایم آئی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ آگ کوچانی میں واقع “پلس” کلب میں لگی، جو دارالحکومت سکوپیے سے تقریباً 100 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔ تاہم خبر رساں ایجنسی اے ایف پی فوری طور پر مقامی حکام سے اس کی تصدیق حاصل نہیں کر سکی۔
آگ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق رات تین بجے اس وقت ہوا جب مشہور ہپ ہاپ جوڑی اے ڈی این اپنی پرفارمنس دے رہی تھی۔ کلب میں بھڑکنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے مقام کو لپیٹ میں لے لیا اور شعلے کئی گھنٹوں تک بلند ہوتے رہے۔
زخمیوں کو کوچانی اور 30 کلومیٹر دور واقع شہر سٹیپ کے مقامی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شبہ ہے کہ آگ پرفارمنس کے دوران استعمال ہونے والی آتشبازی (پائروٹیکنکس) کے باعث لگی۔ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سٹیج سے نکلنے والی چنگاریاں کلب کی چھت سے ٹکرائیں، جس کے بعد آگ تیزی سے پھیل گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں