رمضان المبارک کے دوران کام کے اوقات کار کا شیڈول جاری

ابوظہبی (پی این آئی)متحدہ عرب امارات کی وفاقی اتھارٹی برائے سرکاری انسانی وسائل نے رمضان المبارک کے دوران سرکاری ملازمین کے لیے کام کے اوقات کا اعلان کر دیا ہے۔

پیر سے جمعرات تک سرکاری دفاتر کے اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک ہوں گے، جبکہ جمعہ کے روز کام کا دورانیہ صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک ہوگا۔ اس کا مطلب ہے کہ ملازمین پیر سے جمعرات تک روزانہ ساڑھے تین گھنٹے کم کام کریں گے، جبکہ جمعہ کو ڈیڑھ گھنٹہ مزید کم ہوجائے گا۔

خلیج ٹائمز کے مطابق وہ سرکاری ملازمین جن کی ملازمت کی نوعیت مختلف اوقات میں کام کرنے کی متقاضی ہے ان پر یہ اصول لاگو نہیں ہوں گے۔ اس کے علاوہ وزارتوں اور وفاقی سرکاری اداروں کے ملازمین اپنے منظور شدہ فلیکسیبل ورکنگ سسٹم کے مطابق کام جاری رکھ سکتے ہیں۔جمعہ کے دن 70 فیصد تک ملازمین کو ریموٹ ورکنگ (گھر سے کام کرنے) کی اجازت دی گئی ہے جو کہ منظور شدہ گائیڈ لائنز کے مطابق ہوگی۔

دبئی اسلامی امور اور فلاحی سرگرمیوں کے محکمے کے جاری کردہ ہجری کیلنڈر کے مطابق متوقع ہے کہ رمضان المبارک کا آغاز یکم مارچ 2025 بروز ہفتہ سے ہوگا۔ متحدہ عرب امارات کے بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے تصدیق کی ہے کہ رمضان کا چاند 28 فروری 2025 کی رات کو باآسانی دیکھا جا سکے گا۔ اسلامی مہینے 29 یا 30 دن کے ہوتے ہیں اور چاند نظر آنے پر اگلے دن سے رمضان کا آغاز ہوگا۔

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں وفاقی حکومت کے ملازمین عام دنوں میں ہفتے میں ساڑھے چار دن کام کرتے ہیں۔ ابوظہبی، دبئی، عجمان، ام القوین، راس الخیمہ اور فجیرہ کی مقامی حکومتوں نے بھی اسی ورک ویک سسٹم کو اپنایا ہے۔ تاہم شارجہ میں سرکاری ملازمین صرف چار دن (پیر سے جمعرات) کام کرتے ہیں جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تین دن کی تعطیل ہوتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close