یکم مارچ سے نئی حکومت کے قیام کا اعلان

دبئی (پی این آئی) شام کی عبوری حکومت کے وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے اعلان کیا ہے کہ شام میں یکم مارچ سے نئی حکومت قائم کی جائے گی۔

انہوں نے یہ اعلان ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کے دوران کیا جو متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوا۔خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد اسلام پسند گروہوں نے اقتدار سنبھالا اور عبوری حکومت قائم کی۔ اس حکومت کی قیادت محمد البشیر کر رہے ہیں جو یکم مارچ تک انتقال اقتدار کا عمل مکمل کریں گے۔ وزیر خارجہ الشیبانی کے مطابق یکم مارچ سے قائم ہونے والی حکومت شامی عوام کی زیادہ سے زیادہ نمائندگی کرے گی اور اس کی تشکیل میں ملک کی متنوع آبادی کو مدنظر رکھا جائے گا۔

گزشتہ ماہ احمد الشرع کو عبوری صدر مقرر کیا گیا تھا۔ وہ اس حیات تحریر الشام کے سربراہ ہیں جس نے بشار الاسد کے خلاف کارروائی کی قیادت کی تھی۔ عبوری حکومت نے اسد دور کی پارلیمان اور بعث پارٹی کو تحلیل کر دیا تھا۔نئی حکومت نے ایک قومی مکالمہ کانفرنس بھی منعقد کرنے کا وعدہ کیا ہے جس میں تمام شامی عوام کو شامل کیا جائے گا۔ تاہم اس کانفرنس کی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close