ٹائٹن آبدوز کے دھماکے کی خوفناک آڈیو جاری کردی گئی

واشنگٹن(پی این آئی) نیشنل اوشیانک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن (این او اے اے) نے ٹائٹن آبدوز کے 2023 میں ہونے والے دھماکے کی خوفناک آڈیو جاری کر دی ۔

امریکی محکمہ دفاع کے مطابق یہ آوازیں ایک ایسے مخصوص آڈیو ریکارڈر نے محفوظ کیں جو ٹائٹن آبدوز کے دھماکے کے مقام سے 900 میل (1448 کلومیٹر) کے فاصلے پر موجود تھا۔جمعہ کے روز محکمہ دفاع کی ویب سائٹس پر جاری کردہ اس آڈیو میں سب سے پہلے سٹیٹک آوازیں سنائی دیتی ہیں پھر ایک زوردار دھماکہ سننے کو ملتا ہے، جو کسی بادلوں کی گرج جیسا محسوس ہوتا ہے۔ چند سیکنڈز تک آواز کی بازگشت سنائی دیتی ہے اور پھر مکمل خاموشی چھا جاتی ہے۔

فوکس نیوز کے مطابق یہ خوفناک حادثہ 18 جون 2023 کو اس وقت پیش آیا جب ٹائٹن آبدوز ٹائیٹینک کے ملبے کی جانب جا رہی تھی۔اس المناک حادثے میں پانچ افراد ہلاک ہو ئے جن میں برطانوی ارب پتی حامش ہارڈنگ، آبدوز بنانے والی کمپنی اوشن گیٹ کے شریک بانی اور سی ای او سٹاکٹن رش، پاکستانی بزنس مین شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان داؤد اور فرانسیسی ماہر پال ہنری نارگیولے شامل تھے۔امریکی کوسٹ گارڈ کی رپورٹ کے مطابق دھماکے سے قبل ٹائٹن کے عملے نے اپنا آخری پیغام بھیجا جس میں کہا گیا تھا “یہاں سب کچھ ٹھیک ہے۔”

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close