بھارت کی دہلی اسمبلی کے انتخابات میں مرکزی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اکثریت حاصل کرلی۔
دہلی اسمبلی کے انتخابات کیلئے 5 فروری کو ووٹنگ ہوئی تھی جس کے بعد آج ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔دہلی میں حکومت بنانے کیلئے 70 میں سے 38 نشستوں پر کامیابی درکار ہے اور اب تک کے نتائج کے مطابق بی جے پی سادہ اکثریت سے زیادہ نشستیں حاصل کرچکی۔بھارتی الیکشن کمیشن کے مطابق دہلی اسمبلی کے 70 کے ایوان میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے 44 سیٹیں جیت لیں اور اسے مزید 4 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔
10 سال سے برسر اقتدار عام آدمی پارٹی 21 سیٹیں ہی حاصل کرسکی اور اسے 1 نشست پر برتری حاصل ہے۔ اس کے علاوہ کانگریس ایک بھی حلقہ نہ جیت سکی۔بھارتیہ جنتا پارٹی نے 27 سال بعد دہلی اسمبلی کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے، اس سے قبل 1998 میں سشما سوراج آخری وزیراعلیٰ رہی تھیں۔عام آدمی پارٹی نے 10 سال بعد دہلی اسمبلی میں اکثریت کھودی اور سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال بھی اپنی نشست سے ہاتھ دھو بیٹھے۔عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرلی اور کہا کہ وہ عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں اور کامیابی پر بی جے پی کو مبارکباد دیتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں