بھارت میں شمس آباد ایئرپورٹ کو بم سے اُڑانے کی دھمکی کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا۔ جس کے بعد سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بم کی جھوٹی اطلاع سے سنسنی اور خوف و ہراس پھیل گیا، سائبرآباد پولیس کنٹرول روم کو ایک نامعلوم فون کال موصول ہوئی، جس میں ایئرپورٹ پر بم رکھنے کی اطلاع دی گئی تھی۔ اس اطلاع کے فوراً بعد ایئرپورٹ کی فورسز نے سیکورٹی کو ہائی الرٹ کردیا۔
رپورٹس کے مطابق ایئرپورٹ کے اطراف میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا گیا، تاہم تحقیقات کے بعد یہ اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی۔پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ کال تلنگانہ کے ضلع کاماریڈی سے کیا گیا تھا اور مزید کہا کہ فون کرنے والے کی ذہنی حالت معمول پر نہیں ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھارت میں واقع قدیم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی تھی جس کے بعد انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی تھی۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو رواں ماہ کے آغاز میں ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی جس میں دو لاکھ روپے ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا اور مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں یونیورسٹی کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔
اس دھمکی آمیز ای میل کے ساتھ ہی یونیورسٹی انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی اور فوری طور پر پولیس اور دیگر حکام کو اطلاع دی گئی۔ پولیس، انسداد دہشتگردی کی ٹیم اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جامعہ پہنچ کر یونیورسٹی کی مکمل تلاشی لی لیکن کوئی دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔
اس حوالے سے ڈی ایس پی نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کو ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی جس میں رقم کا تقاضہ کیا گیا اور رقم نہ دینے پر یونیورسٹی انتظامیہ کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں