نئی دہلی (پی این آئی) بھارت میں ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا نے نئی گائیڈ لائنز جاری کردی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹی آر اے آئی کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق وہ صارفین جو 2 جی انٹرنیٹ استعمال کررہے ہیں انہیں اس کا فائدہ ہوگا۔وہ صارفین جو وائس کالز اور ایم ایس ایس پر انحصار کرتے ہیں انہیں مہنگے ری چارج پلان کی وجہ سے اکثر مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے انہیں ری چارج میں غیر ضروری ڈیٹا ملتا ہے جسے وہ استعمال بھی نہیں کرپاتے۔
اس کے پیش نظر ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی نے ایک نئی اپ ڈیٹ جاری کی جس کے تحت سستے ری چارج پلان متعارف کروائے گئے ہیں۔نئے قوانین کے مطابق تمام ٹیلی کام کمپنیوں کو ٹاپ اپ واؤچر فراہم کرنے ہوں گے جو 10 روپے کی ابتدائی قیمت پر دستیاب ہوں گے اس کے علاوہ اسپیشل ٹیرف واؤچر کی میعاد کو 90 دن سے بڑھا کر 365 دن کردیا گیا ہے۔موبائل صارفین اس کے تحت اب طویل مدتی اور سستے ریچارج حاصل کرسکیں گے۔
ٹیلی کام آپریٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف وائس اور ایس ایم ایس کے منصوبے بنائیں جو خاص طور پر ٹو جی فیچر فون صارفین کے لیے بنائے گئے ہیں جنہیں انٹرنیٹ خدمات کی ضرورت نہیں ہے اور ان صارفین کو ڈیٹا پلانز کے لیے زیادہ ادائیگی کرنی پڑ رہی ہے۔ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا کے رہنما خطوط پہلے ہی لاگو ہو چکے ہیں اور ٹیلی کام کمپنیوں کو اس پر عمل درآمد کے لیے چند ہفتوں کا وقت دیا گیا ہے اگرچہ باضابطہ لانچ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن توقع ہے کہ سستی ریچارج کے منصوبے جنوری کے آخر تک مارکیٹ میں آئیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں