ویب ڈیسک(پی این آئی)بھارت کے شہرکلکتہ میں گزشتہ سال 31 سالہ ٹرینی ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور وحشیانہ قتل کے الزام میں گرفتار ملزم کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 18 جنوری کو عدالت نے سابق پولیس رضاکار سنجے رائےکو کیس میں مجرم قرار دیا تھا جس کا فیصلہ آج 20 جنوری کو سنایا گیا۔عدالتی فیصلے میں کہا گیاکہ پیش کیےگئے ثبوتوں سے سنجے رائے پر الزام ثابت ہوتا ہے، عدالت نے سنجے کو سزائے موت دینے کی سی بی آئی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے عمر قید کا حکم دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق مجرم نے عدالت میں جرم سے انکار کرتے ہوئےکہا کہ وہ بےگناہ ہے اور اسے مقدمے میں پھنسایا گیا ہے جب کہ سی بی آئی نے اس سے کچھ دستاویزات پر زبردستی دستخط بھی کرائے ہیں۔
مقتولہ ڈاکٹر کی والدہ نے عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئےکہا کہ مجرم اکیلا نہیں تھا بلکہ اس کے ساتھ اور لوگ بھی تھے، ہمیں انتظار ہے کہ باقی لوگ بھی گرفتار ہوں گے اور انہیں بھی سزا ملےگی۔مقتولہ کی والدہ کا کہنا تھا کہ سنجے کو بائیولوجیکل ثبوتوں کی بنیاد پر سزا سنائی گئی ہے اور دوران سماعت وہ خاموش ہی رہا جو ظاہر کرتا ہےکہ وہ اس جرم میں ملوث ہے تاہم وہ اکیلا نہیں تھا، اس لیے انصاف ابھی مکمل نہیں ہوا، ہم اس کے لیے مزید لڑائی جاری رکھیں گے۔خیال رہےکہ 31 سالہ ٹرینی ڈاکٹر کی لاش 9 اگست 2024 کو کلکتہ کے سرکاری میڈیکل کالج کی کلاس سے ملی تھی، پوسٹ مارٹم میں خاتون سے زیادتی کی تصدیق ہوئی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں