بھارت کی مراٹھی فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ ارمیلا کوٹھاری خطرناک حادثے کا شکار ہوگئیں جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں پوسار میٹرو اسٹیشن کے قریب میٹرو پروجیکٹ پر کام کرنے والے مزدوروں کو بھارتی اداکارہ کی کار نے کچل دیا۔ممبئی پولیس کے مطابق کاندیولی میں اداکارہ ارمیلا کوٹھاری کی کار کی زد میں آکر ایک مزدور ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا جبکہ کار ڈرائیور کو بھی چوٹیں آئیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ ارمیلا کوٹھاری جمعہ کی رات شوٹنگ مکمل کرنے کے بعد گھر لوٹ رہی تھیں جب ان کے ڈرائیور سے کار بےقابو ہوکر پوسار میٹرو اسٹیشن کے قریب میٹرو پروجیکٹ پر کام کرنے والے مزدوروں پر چڑھ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بےقابو کار نے 2 مزدوروں کو ٹکر ماری تھی جس میں سے ایک مزدور کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ دوسرے کو اسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔کار ڈرائیور کو بھی شدید چوٹیں آئیں لیکن حادثے کے وقت کار کے ایئر بیگ بروقت کھلنے کی وجہ سے اداکارہ زیادہ زخمی ہونے سے محفوظ رہیں۔پولیس کے مطابق کار تیز رفتاری سے چلائی جارہی تھی اور اداکارہ ارمیلا کوٹھاری کا ڈرائیور گاڑی چلا رہا تھا۔ڈرائیور کے خلاف تیز رفتار ڈرائیونگ اور لاپرواہی سے موت کا باعث بننے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ارمیلا کوٹھاری مراٹھی فلم انڈسٹری کی ایک معروف اداکارہ ہیں، وہ ‘دنیاداری’، ‘شبھ منگل ساودھان’ اور ‘تی سدھیا کے کرتے’ جیسی کچھ مشہور فلموں میں کام کر چکی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں