ایئر لائنز سسٹم پر سائبر حملے، پروازیں متاثر،تشویش کی لہر دوڑ گئی

ٹوکیو: جاپان ایئر لائنز کے سسٹم پر سائبر حملے کے نتیجے میں متعدد ملکی اور غیر ملکی پروازیں متاثر ہو گئیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپانی ایئر لائنز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے سسٹم پر سائبر حملے سے کمپنی کا اندرونی اور بیرونی نظام متاثر ہوا ہے۔ جمعرات کو بیان میں جاپان ایئر لائنز نے کہا کہ سائبر حملے کی وجہ سے 20 سے زیادہ اندرون ملک پروازوں میں تاخیر ہوئی، تاہم ایئرلائن کا کہنا تھا کہ انھوں نے جلد ہی حملے کو روکا اور چند ہی گھنٹوں میں نظام کو کامیابی سے بحال کر دیا۔

ایئرلائنز کا کہنا تھا کہ حملے سے پروازوں کی سیکیورٹی متاثر نہیں ہوئی، مسئلہ جمعرات کی صبح اس وقت شروع ہوا جب اندرونی اور بیرونی نظاموں کو جوڑنے والے کمپنی کے نیٹ ورک میں خرابی پیدا ہوئی۔ جاپانی ایئر لائن نے یہ بھی کہا کہ اس نے حملے کی وجہ بھی شناخت کر لی ہے، سائبر حملے کا مقصد ایئرلائنز کے نیٹ ورک کو کریش کرنا تھا اور اس کے لیے بڑے پیمانے پر ڈیٹا بھیجا گیا تھا، جس سے سسٹم یا نیٹ ورک بے تحاشا ٹریفک سے بھر گیا اور وہ کریش ہو گیا۔

ایئرلائنز کے مطابق سائبر حملے میں کوئی وائرس شامل نہیں تھا اور نہ ہی کسی صارف کا ڈیٹا لیک ہوا۔ حملے کے نتیجے میں 24 ڈومیسٹک پروازیں 30 منٹ سے زیادہ تاخیر کا شکار ہوئیں۔ واضح رہے کہ سائبر حملے موجودہ جدید دنیا میں معمول بنتے جا رہے ہیں، اور ہیکرز بین الاقوامی طاقتوں کے زیر اثر یہ کام کرتے ہیں۔ ماضی قریب میں امریکا، برطانیہ سمیت مختلف ممالک کو بھی اس نوعیت کے حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔

جاپان میں سائبر حملے کے بعد جاپانی ایئر لائنز کا سسٹم معمول پر آ گیا، جس کے بعد مسافروں کو ٹکٹ فروخت کرنے کا آغاز کر دیا گیا۔ غیرملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ روز جاپان میں سائبر حملے کے بعد جاپانی ایئر لائن کے ٹکٹوں کی فروخت روک دی گئی تھی، تاہم اب سسٹم کی بحالی کے بعد ٹکٹوں کی فروخت دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close