بھارتی ریاست اترپردیش میں اس وقت ایک ہولناک واقعہ پیش آیا جب ایک 17 سالہ لڑکے نے اپنی ماں قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اترپردیش کے علاقے گورکھپور میں 3 دسمبر کی صبح ایک ماں نے اپنے 17 سالہ بیٹے کو اسکول کےلیے جگانے کی کوشش کی لیکن یہ کوشش اس کی موت کا سبب بن گئی۔گورکھپور میں بیٹے کے ہمراہ رہائش پذیر آرتی دیوی نے اپنے بیٹے امن کو اسکول کیلئے اٹھانے کی کوشش کی تو امن نے غصے میں آ کر انہیں دھکا دے دیا جس سے وہ زمین پر گر گئیں اور انکے سر پر شدید چوٹ آئی۔
اپنی ماں کو دھکا دینے کے بعد امن نے سی سی ٹی وی کیمرے بند کرکے گھر کو تالا لگادیا اور 4 دن تک ماں کی لاش کے ساتھ رہا۔ جب لاش سڑنا شروع ہوئی اور بدبو آنے لگی، تو اس نے گھر میں اگربتیاں جلانا شروع کر دیں۔ پانچویں دن امن گھر سے باہر نکل کر قریبی مندر کے پاس جا کر بیٹھ گیا۔یہ کیس تب سامنے آیا جب آرتی کا شوہر رام ملن، جو چنئی میں ایک ریسرچ سینٹر میں سائنسدان ہیں، نے اپنی بیوی کو کئی بار کال کی لیکن جواب نہ ملا۔
رام ملن کو جب دو سے تین دن تک بیوی کی کوئی خبر نہ ملی تو وہ پریشان ہوگیا اور اپنی سالی کو کال کرکے گھر کا حال معلوم کرنے کو کہا۔ آرتی کی بہن جب ان کے گھر پہنچی تو گھر اندر سے بند تھا اور وہاں سے بہت تیز بدبو آرہی تھی۔رام ملن نے بتایا، ’میں 8 دسمبر کو گورکھپور پہنچا۔ گھر پہنچ کر دیکھا کہ میری بیوی خون میں لت پت زمین پر پڑی ہوئی تھی۔‘پولیس کو اطلاع دی گئی جس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کےلیے بھیج دیا اور تحقیقات شروع کیں جبکہ امان کو قریبی مندر کے قریب ایک تالاب کے پاس بیٹھے ہوئے گرفتار کیا گیا۔
ابتدائی طور پر امن نے پولیس کو بتایا کہ اس کی ماں حادثاتی طور پر گری تھیں اور وہ ڈر کے مارے گھر چھوڑ کر بھاگ گیا تھا لیکن تحقیقات کے دوران، پولیس کو گھر میں دو مختلف جگہوں پر خون کے نشانات ملے، جس سے معلوم ہوا کہ لاش کو گھسیٹا گیا تھا۔پولیس نے امن کے کمرے سے نقد رقم بھی برآمد کی۔ پڑوسیوں کے مطابق امن نشے کا عادی تھا اور اپنی ماں سے کوچنگ کے نام پر پیسے لے کر شراب اور دیگر نشہ آور اشیاء پر خرچ کرتا تھا۔ اسکول کی جانب سے بھی اس کے خلاف شکایات موصول ہوئی تھیں۔
گورکھپور کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جیتندر شریواستو نے میڈیا کو بتایا، ’دوران تفتیش لڑکے نے تسلیم کیا کہ 3 دسمبر کی صبح، ماں نے اسے اسکول جانے کے لیے کہا۔ جب اس نے انکار کیا تو ماں نے غصے میں پیسے اس کی طرف پھینکے۔ اسی پر جھگڑا ہوا اور لڑکے نے غصے میں ماں کو دھکا دے دیا۔‘
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں