ایرانی افواج نے اسرائیلی میزائل حملے ناکام بنانے کی ویڈیو جاری کر دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایرانی افواج کی جانب سے ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔خیال رہے کہ اسرائیل نے ایران کے دارالحکومت تہران کے امام خمینی انٹرنیشنل ایئر پورٹ سمیت شیراز اور کرج شہر میں فضائی حملے کیے ہیں۔اسرائیلی فوج نے آج (ہفتے کی صبح) یکے بعد دیگرے ایران میں فوجی اہداف پر کئی فضائی حملے کیے ہیں، جبکہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ شام میں بھی متعدد ایرانی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ان حملوں کو یکم اکتوبر کو ایران کی جانب سے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل حملوں کا ردِعمل قرار دیا ہے۔ترجمان اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایرانی حملوں کے جواب میں کارروائی مکمل کر لی، ایران میں طے شدہ فوجی اہداف کو نشانہ بنایا اور اسرائیل کو درپیش فوری خطرات کو دور کر دیا گیا ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران نے ان حملوں کے جواب میں حملے کیے تو کشیدگی کا ایک نیا باب کھل جائے گا اور اسرائیل بھی جوابی کارروائی کرے گا۔
دوسری جانب اسرائیلی حملوں پر ایرانی فضائی دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے تہران، خوزستان اور ایلام میں کئی فوجی مقامات پر حملے کیے، اسرائیل کے حملے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے کامیابی سے ناکام بنائے گئے۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ صہیونی جارحیت کے نتیجے میں کئی مقامات پر محدود پیمانے پر نقصانات ہوئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں