یو اے ای نے جی سی سی میں مقیم غیرملکیوں کو بڑی سہولت دیدی

دبئی ( پی این آئی) متحدہ عرب امارات نے جی سی سی ممالک میں مقیم تمام غیرملکیوں کو وزٹ کیلئے 30 دن کے ای ویزہ کی درخواست دینے کی سہولت دے دی۔

خلیجی اخبار الامارات الیوم کے مطابق یو اے ای کی ڈیجیٹل گورنمنٹ نے بتایا ہے یہ ای ویزہ امارات میں 30 دن تک قیام کی اجازت دیتا ہے جس میں مزید 30 دن کی توسیع بھی ممکن ہے، یہ نیا ای ویزہ یا انٹری پرمٹ جی سی سی میں قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو امارات آنے کے لیے آسانی فراہم کرتا ہے۔بتایا گیا ہے کہ جی سی سی میں مقیم غیرملکی ای ویزہ کے حصول کے لیے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی فار فارنرز افیئرز دبئی کی ویب سائٹ یا فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹس سیکیورٹی کو درخواست دے سکتے ہیں، جس کی منظوری اور طریقہ کار مکمل ہونے کے بعد رجسٹرڈ ای میل پر ای ویزہ بھیجا جائے گا۔

معلوم ہوا ہے کہ جی سی سی خطے میں مقیم تارکین وطن کے لیے سفر سے پہلے ای ویزہ حاصل کرنا ضروری ہے جو متحدہ عرب امارات میں داخلے کی تاریح سے 30 دن قیام کی اجازت دیتا ہے، تاہم اماراتی ویزہ کی شرائط کے تحت جی سی سی ممالک کے رہائشی کو اس صورت میں یو اے ای میں داخلے سے روک دیا جائے گا اگر یہ معلوم ہوا کہ غیرملکی کا اقامہ منسوخ یا ختم کردیا گیا ہے یا امارات کا ویزہ حاصل کرنے کے بعد غیرملکی کا پروفیشن تبدیل ہوچکا ہو، غیرملکی کے اقامے کی مدت امارات میں داخلے کے وقت ایک سال سے کم نہیں ہونی چاہیئے، پاسپورٹ کم از کم 6 ماہ تک کے لیے کارآمد ہونا ضروری ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close