لکھنؤ (پی این آئی)بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ چندرابابو نائیڈو نے حج پر جانے والے مسلمانوں کو فی کس 1 لاکھ روپے مالی معاونت دینے کے الیکشن میں کیے گئے وعدے کو پورے کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ آئمہ اور مؤذن کو ماہانہ اعزازیہ اور ہر عازمین حج کے لیے 1 لاکھ روپے کے انتخابی وعدوں کو عملی جامہ پہنائیں۔امراوتی میں ریاستی سکریٹریٹ میں اقلیتوں کی بہبود سے متعلق ایک جائزہ میٹنگ کے دوران چندرابابو نائیڈو نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اماموں اور مؤذنوں کو بالترتیب 10,000 روپے اور 5,000 روپے ماہانہ اعزازیہ دینے کے وعدے کو جلد نافذ کیا جائے۔
چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ جو لوگ حج کے لیے جارہے ہیں انہیں انتخابات کے دوران وعدے کے مطابق ہر ایک کو 1 لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو وقف بورڈ کی اراضیات کا سروے 1 سال کے اندر مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے اقلیتوں کے لیے تمام فلاحی سکیموں کی تنظیم نو کا حکم دیا۔چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ٹی ڈی پی کے سابقہ دور حکومت میں نافذ کی گئی سکیموں، حالیہ انتخابات کے دوران اقلیتوں سے کیے گئے وعدوں اور موجودہ سکیموں کے مطابق تفصیل سے مطالعہ کرنے کے بعد سکیموں پر عمل آوری کے لیے نیا فارمولہ تیار کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں