تہران(پی این آئی)ایران کے صوبے خراسان میں کوئلے کی کان میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 51 ہوگئی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ آج جنوبی صوبے خراسان میں پیش آیا ہے۔ کوئلے کی کان میں دھماکے کے وقت کام میں درجنوں افراد موجود تھے غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہ کوئلے کی کان دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 51 ہوگئی ہے جب کہ اب بھی کئی افراد کان میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق مدانجو کمپنی کے بلاک بی اور سی میں اتوار کی صبح 9 بجے گیس دھماکا ہوا جو بڑے جانی نقصان کا سبب بنا۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ، سیکیورٹی اور ریسکیو ادارے جائے حادثہ پر پہنچ گئے تھےاور فوری طور پر ہنگامی امدادی سرگرمیاں شروع کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کا کام شروع کر دیا جو اب تک جاری ہے۔لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جب کہ ریسکیو حکام کے مطابق اموات کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے لیے نیویارک جاتے ہوئے ایران کے صدر مسعود پیزشکیان نے کہا کہ انہوں نے حکم دیا ہے کہ پھنسے ہوئے افراد کو بچانے اور ان کے اہل خانہ کی مدد کے لیے تمام کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں