ابوظہبی(پی این آئی) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے حسینہ واجد حکومت کیخلاف احتجاج کے جرم میں سزا پانے والے 57 بنگلادیشی شہریوں کی سزا معافی کا اعلان کردیا۔
حکومتی فیصلے کے مطابق سزا یافتہ افراد کی سزائیں منسوخ کرکے انہیں ملک بدر کیا جائے گا۔سزا یافتہ افراد میں 3 کو عمر قید، 53 کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، مقامی میڈیا کے مطابق امارات میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے ایک شہری کو 11 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔عرب میڈیا کے مطابق ان افراد کو غیر قانونی مظاہروں کی کال دینے اور امن عامہ کو نقصان پہنچانے کے الزام میں سزائیں سنائی گئی تھیں۔
عرب میڈیا کے مطابق بنگلادیشی شہریوں کی معافی کے فیصلے سے کچھ روز قبل امارات کے صدر سے بنگلادیش کے عبوری صدر محمد یونس کا رابطہ ہوا تھا۔خیال رہے کہ بنگلا دیش میں جولائی میں شروع ہونے والے طلبا احتجاج کے باعث شیخ حسینہ واجد چند روز قبل وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے کر بھارت فرار ہو گئی تھیں۔شیخ حسینہ واجد کے بھارت فرار ہونے کے بعد آرمی چیف نے ملک کی باگ دوڑ سنبھالی اور نوبیل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کو عبوری حکومت کا سربراہ بنایا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں