کن لوگوں کے حج ادا کرنے پر پابندی لگا دی گئی؟ سعودی حکومت نے ایڈوائزری جاری کر دی

ریاض/ اسلام آباد ( پی این آئی ) سعودی عرب کی جانب سے بیمار افراد کے حج کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے پاکستان کی وزارت مذہبی امور کو حج 2025 سے متعلق ہیلتھ ایڈوائزری موصول ہوچکی ہے، جس میں آگاہ کیا گیا ہے کہ پیچیدہ امراض میں مبتلا افراد سفرِ حج پر روانہ نہیں ہو سکیں گے۔سعودی حکومت نے مراسلے میں کہا کہ موسم کی شدت کے پیش نظر صرف تندرست و توانا عازمین کو سفرِ حج کی اجازت دی جائے گی۔گردہ ، دل، پھیپھڑے، جگر اور کینسر کے پیچیدہ مریضوں کو سفرِ حج کی اجازت نہیں ہوگی، ڈیمنشیا اور متعدی امراض مثلاً ٹی بی، تپ دق، کالی کھانسی کے حامل افراد کے بھی حج کرنے بھی پابندی ہوگی، 12 سال سے کم عمر بچوں اور حاملہ خواتین کو سفرِ حج کی اجازت نہیں ہوگی، عازمینِ حج کے لیے گردن توڑ بخار، کورونا، موسمی انفلوئنزا اور پولیو ویکسین لگوانا لازم ہوگا۔

بتایا جارہا ہے کہ وزارت مذہبی امور نے آئندہ سال2025ء کی حج پالیسی کی تیاریوں پرکام تیز کردیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے نئی حج پالیسی کا اعلان آئندہ ماہ ستمبر میں کیے جانے کا امکان ہے، نئی حج پالیسی میں پرائیویٹ حج اور سرکاری حج اسکیم کوٹے سے متعلق پالیسی میں تبدیلی اور زیادہ اور کم مدتی حج اسکیم کے معاملے پر بھی نئی پالیسی لانے پرغور کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close