حسینہ واجد کی حکومت گرانے کے الزام پر امریکا کا ردعمل بھی آگیا

واشنگٹن(پی این آئی) امریکا نے بنگلا دیش میں حکومت گرانے میں ملوث ہونےکے حسینہ واجدکے الزام کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

بنگلادیشی اخبار کے مطابق پریس بریفنگ میں امریکی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل سے ایک صحافی نے سوال کرتے ہوئےکہا کہ حسینہ واجد نے امریکا پر الزام عائدکیا ہےکہ اس نے بڑے پیمانے پر احتجاج کی سازش کی تھی جو آخرکار ان کے اقتدار سے ہٹنے کا سبب بنی، تو آپ اس پر کیا تبصرہ کریں گے؟اس پر ویدانت پٹیل نے کہا کہ یہ مضحکہ خیز ہے، یہ الزام کہ امریکا حسینہ واجد حکومت کے خاتمے میں ملوث ہے، بالکل جھوٹا ہے۔

خیال رہےکہ ساڑھے 15 سال سے برسراقتدار سابق بنگلادیشی وزیراعظم حسینہ واجد 5 اگست کو طلبا کی قیادت میں بڑے پیمانے پر ہونے والے مظاہروں کے بعد مستعفی ہوکر بھارت فرار ہوگئی تھیں۔گزشتہ دنوں بھارتی میڈیا میں سامنے آنے والی خبر کے مطابق حسینہ واجد نے قریبی ساتھیوں کو پیغام میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکا خلیج بنگال پر تسلط قائم کرنا چاہتا تھا اور سینٹ مارٹن کے جزیرے پر کنٹرول حاصل کرنا چاہتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے جزیرے کا کنٹرول امریکا کے حوالے نہیں کیا تو میری حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا اور استعفیٰ بھی اس لیے دیا کہ طلبا اور عوام کی مزید لاشیں نہ گریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close