طوفانی بارشیں، متعدد ہلاکتیں ہوگئیں

نئی دہلی(پی این آئی) شمالی اور شمال مغربی بھارت میں طوفانی بارشوں کے باعث 28 افراد ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چند دنوں سے جاری طوفانی بارشوں کے باعث شمالی اور شمال مغربی بھارت میں لینڈ سلائیڈنگ اور گھرگرنے سمیت دیگر واقعات میں 28 افراد کی ہلاکت ہوئی جب کہ کچھ علاقوں میں سیلابی صورتحال کا بھی سامنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بارشوں سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ریاست راجستھان میں ہوئیں جہاں 16 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ صرف اتوار والے دن 14 لوگوں کی ہلاکت ہوئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی پنجاب میں بھی بارشوں کے باعث ندی کے تیز بہاؤ میں ایک گاڑی بہہ گئی جس سے 9 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے 8 کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جب کہ 2 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ ریاست ہماچل پردیش میں بارشوں اور سیلاب سے 3 لڑکیاں جاں بحق ہوگئیں جبکہ بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کے باعث 200 سے زائد سڑکیں بند ہیں۔ خبر کے مطابق ریاست ہریانہ میں بھی طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، ہریانہ کے یامونہ نگر ضلع میں بارشوں کے باعث دریا کا بند ٹوٹ گیا جس سے کئی گاؤں ڈوب گئے جب کہ فصلیں بھی زیر آب آگئیں جس کے بعد حکام نے ڈیزاسٹر رسپانس فورس کو طلب کرلیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close