اسلام آباد(پی این آئی)گزشتہ دنوں بنگلادیش میں جاری رہنے والے حکومت مخالف مظاہروں کے نتیجے میں حسینہ واجد کی حکومت کا خاتمہ ہوگیا اور حسینہ واجد ملک چھوڑ کر بھارت فرار ہو گئیں۔
اسی تناظر میں شیخ حسینہ واجد کے بیٹے صجیب واجد کی جانب سے اپنی والدہ کے وطن واپس لوٹنے کے حوالے سے مختلف بیانات دیے جارہے ہیں۔اب انہوں نے ٹائمز آف انڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا ہے کہ بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم حسینہ واجد انتخابات کے وقت وطن واپس آ جائیں گی تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ انتخابات میں حصہ لیں گی یا نہیں۔بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم کے صاحبزادے نے کہا ہے کہ مجھے سیاست میں کوئی خاص دلچسپی نہیں تھی لیکن اب اگر ضرورت پڑی تو میں بھی سیاست میں آنے سے گریز نہیں کروں گا۔
صجیب واجدکا مزید کہنا تھا کہ یقین ہے کہ عوامی لیگ ناصرف الیکشن میں حصہ لے گی اور ہم جیت بھی سکتے ہیں، والدہ فی الحال بھارت میں ہیں، انتخابات کا اعلان ہوتے ہی وطن واپس پہنچیں گی۔خیال رہے کہ اس سے قبل والدہ سے متعلق بیان دیتے ہوئے صجیب واجد کا کہنا تھا کہ والدہ ملک کے حالات سے بہت مایوس ہوئی ہیں اور وہ اب سیاست میں واپس نہیں آئیں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں