شیخ حسینہ واجد کے بیٹے کا یوٹرن ، والدہ کی واپسی سے متعلق بڑا بیان دیدیا

ڈھاکہ(پی این آئی)شیخ حسینہ واجد کے بیٹے سجیب واجد نے والدہ کے سیاست میں دوبارہ واپس نہ آنے کے بیان پر یوٹرن لے لیا۔

کوٹہ سسٹم کے خلاف احتجاج کو طاقت سے کچلنے کی کوشش کرنے والی وزیراعظم شیخ حسینہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد نئی دہلی فرار ہوگئیں۔ والدہ سے متعلق بیان دیتے ہوئے بیٹے سجیب واجد کا کہنا تھا کہ والدہ بہت مایوس ہوئی ہیں اور وہ اب سیاست میں واپس نہیں آئیں گی۔ تاہم اب اس بیان پر سجیب واجد نے یوٹرن لے لیا ہے اور والدہ کی نہ صرف وطن واپسی بلکہ سیاست میں بھی واپسی کا اشارہ دے دیا۔

انکا کہنا تھا کہ یہ درست ہے میں نے کہا تھا کہ وہ (شیخ حسینہ) بنگلادیش واپس نہیں جائیں گی۔ لیکن گزشتہ چند روز میں پارٹی لیڈرز اور ورکرز پر مسلسل حملوں کے بعد اب صورتحال مختلف ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم وہ سب کچھ کریں گے جو ہمارے لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنائے۔ ہم انہیں اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ سجیب واجد کا کہنا تھا کہ عوامیہ لیگ بنگلادیش کی سب سے بڑی اور پرانی جماعت ہے، لہٰذا ہم اپنے لوگوں کو اس طرح چھوڑ کر نہیں جاسکتے اور جیسے ہی بنگلادیش میں جمہوریت بحال ہوتی ہے وہ (شیخ حسینہ) بلاشبہ وطن واپس آئیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں