تارکین وطن کی ایک اور کشتی ڈوب گئی، ہلاکتیں ہوگئیں

ویب ڈیسک(پی این آئی)شمال مغربی افریقی اسلامی ملک موریطانیہ میں کشتی ڈوبنے سے 15 تارکین وطن ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن ( آئی او ایم ) کی جانب سے بتایا گیا کہ موریطانیہ کے قریب کشتی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 15 تارکین وطن ہلاک ہو گئے اور 190 سے زائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔یہ واقعہ دارالحکومت نواکشوٹ کے قریب پیش آیا جہاں لوگوں کو ریسکیو کرنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ماریشین کوسٹ گارڈ نے کہا کہ انہوں نے 120 افراد کو بچایا ہے جن میں 4 لاوارث بچے بھی شامل ہیں۔آئی او ایم نے کہا کہ تقریباً 300 افراد گیمبیا میں ایک لکڑی کی پیروگ کشتی پر سوار ہوئے تھے اور 22 جولائی کو کشتی الٹنے سے پہلے سات دن تک سمندر میں رہے۔

آئی او ایم نے کہا کہ بہت سے تارکین وطن مراکش کے ساحل پر واقع کینری جزائر تک پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔مغربی افریقہ سے ہسپانوی سرزمین تک کا راستہ دنیا کے مہلک ترین راستوں میں سے ایک ہے۔رپورٹ کے مطابق 2024 کے پہلے پانچ مہینوں میں سمندر کے راستے اسپین پہنچنے کی کوشش میں 5 ہزار سے زیادہ تارکین وطن ہلاک ہوئے ہیں ۔ہسپانوی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال 40 ہزار افراد کینری جزائر پہنچے جو کہ 2022 کے مقابلے میں دو گنا سے زیادہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close