کھٹمنڈو (پی این آئی) نیپالی د ارالحکومت کے مضافات میں2 مسافر بسیں لینڈسلائیڈنگ کی زد میں آکر دریا میں جا گریں، بسوں میں سوار 65 مسافر لاپتہ ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کھٹمنڈو کے مغرب میں شمالٹر کے پہاڑی علاقے میں نرائن گھاٹ مگلنگ ہائی وے پر جاتی دو مسافر بسیں پہاڑی تودے کی زد میں آکر نشیب میں بہتے دریا میں جاگریں۔ صرف تین مسافر تیرے ہوئے دریا کے کنارے پر آنے میں کامیاب ہوئے جنہیں مقامی افراد نے فوری ہسپتال میں داخل کرادیا جہاں ان کا علاج کیا جارہا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی شمالٹر کی انتظامیہ نے لاپتا مسافروں کی تلاش کے لیے کوششوں کا آغازکردیا اور اس سلسلے میں فوج سے بھی مدد طلب کی گئی۔پولیس ترجمان کے مطابق پہلی بس میں جو کھٹمنڈی سے گوڑ جارہی تھی، 41 مسافر تھے جبکہ بیرگنج سے کھٹمنڈو جانےو الی دوسری بس میں 24 لوگ سوار تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ مسلسل برستی بارش کی وجہ سے لاپتا مسافروں کی تلاش میں مشکل پیش آرہی ہے، دوسری جانب علاقے میں دیگر مقامات پر بھی لینڈ سلائیڈنگ ہونے کے باعث سرچ آپریشن کے لیے ٹیموں کی نقل و حمل میں مشکلات کا سامنا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں