مسافر طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا

سیول(پی این آئی) کورین ایئر کی ایک پرواز کیبن پریشر کی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوتے بال بال بچ گئی۔

میل آن لائن کے مطابق اس بوئنگ 737میکس 8نے مقامی وقت کے مطابق پونے پانچ بجے انشیون انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھری۔ اس کی منزل تائی چنگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ تھا تاہم پرواز کے روانہ ہونے کے 30منٹ بعد ہی اس کے کیبن پریشر سسٹم میں خرابی آ گئی۔

اس خرابی کے سبب طیارے کی بلندی تیزی سے کم ہونا شروع ہو گئی اور محض 15منٹ میں طیارہ 27ہزار فٹ سے زیادہ نیچے آ گیا۔اس صورتحال کے پیش نظر طیارے کے مسافروں میں سراسیمگی پھیل گئی اور انہیں آکسیجن ماسک کے ذریعے سانس لینی پڑ گئی۔اس دوران طیارے میں سوار 17مسافر زخمی بھی ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق منظرعام پر آنے والی ایک ویڈیو میں طیارے میں سوار بچوں کو زاروقطار روتے دیکھا جا سکتا ہے۔ خوش قسمتی سے پائلٹ طیارے کو قریبی ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈ کرنے میںکامیاب رہا۔ اس ہنگامی لینڈنگ کے بعد زخمی مسافروں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close