اٹلی جانے کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

روم(پی این آئی) اٹلی نے کمپنیوں کے لیے غیرملکی ورکرز کی بھرتی آسان بنا دی۔

ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق اطالوی حکومت کی طرف سے اپنی ’یورپی یونین بلیو کارڈ‘ سکیم کے قوانین میں تبدیلی کی گئی ہے، جس کے بعد اس سکیم کے تحت غیرملکی ورکرز بھرتی کرنے کی خواہش مند کمپنیاں اب نئے متعارف کرائے گئے ’سروسز پورٹل‘ کے ذریعے آن لائن درخواست بھی دے سکتی ہیں۔اطالوی حکومت کی طرف سے یہ پورٹل غیرملکی ورکرز اور اطالوی ملازمت دہندگان کے لیے بھرتی کے طریقہ کار کو آسان تر بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ سروسز پورٹل پر اطالوی وزارت داخلہ کی طرف سے نیا فارم مہیا کیا گیا ہے، جو بالخصوص ایسی کمپنیوں اور کاروباروں کے لیے وضع کیا گیا ہے جو اعلیٰ تعلیم یافتہ غیر یورپی غیرملکی ورکرز بھرتی کرنا چاہتے ہیں۔

اس پورٹل پر جب کمپنیاں اپنی ضرورت کے مطابق خالی آسامیاں مشتہر کریں گی تو ہنر مند اور تعلیم یافتہ غیریورپی ورکرز اپنی اہلیت کے لحاظ سے ان آسامیوں پر ملازمت حاصل کرنے کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ یہاں سے منتخب ہونے والے غیریورپی ورکر کو یورپی یونین بلیو کارڈ دے دیا جائے گا۔ اس کارڈ کے حصول کے لیے اس شخص کا اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونا اورمتعلقہ شعبے میں پانچ سالہ تجربے کا حامل ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اٹلی میں جن غیرملکیوں کے پاس بلیو کارڈ ہو، ان کی تنخواہ دیگر ورکرز سے کم از کم ڈیڑھ گنا زیادہ ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ انہیں ٹریول ہیلتھ انشورنس اور دیگر مراعات بھی ملتی ہیں۔

close