سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند، پیشنگوئی کر دی گئی

ریاض(پی این آئی)سعودی عرب میں آج ذوالحجہ کا چاند دیکھا جائے گا، المجمعہ رصد گاہ کے ماہرین کی اہم پیش گوئی بھی سامنے آگئی۔

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق المجمعہ رصد گاہ کے ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آج جمعرات کو ذوالحجہ کا چاند دیکھا جائے گا جبکہ آج چاند کے نظر آنے کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔ماہرین کے مطابق جمعرات کا سورج غروب ہونے کے بعد 13 منٹ تک چاند افق میں رہے گا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ رویت ہلال انتہائی آسان ہوگی بشرطیکہ مطلع صاف ہو۔ماہرین نے بتایا کہ سدیر میں سورج 6 بجکر 46 منٹ پر ہوگا جبکہ ہلال 6 بجکر 59 منٹ پر ڈوب جائے گا، آج ذو الحجہ کے ہلال کی پیدائش دوپہر 3 بجکر 37 منٹ پر ہوگی۔

دوسری جانب سعودی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حج ضوابط پرعمل نہ کرنے والے 8 افراد کے خلاف سزا کے احکامات صادر کردیئے گئے ہیں۔وزارت داخلہ نے جن افراد کے خلاف سزا کے احکامات دیئے ہیں، ان میں تین غیر ملکی جبکہ پانچ سعودی شہری شامل ہیں جو 28 افراد کو غیرقانونی طریقے سے مکہ مکرمہ پہنچانا چاہ رہے تھے۔رپورٹ کے مطابق حراست میں لئے گئے مجرموں کو سزا کے تحت ہر ایک شخص کو (پرمٹ کے بغیر) مکہ لے جانے پر15 دن کی قید اور فی شخص 10 ہزار ریال جرمانہ کی سزا کے علاوہ مقامی ذرائع ابلاغ میں ان کی تشہیر بھی کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close