جہاز کی ہنگامی لینڈنگ نے ایک مسافرکی جان لے لی،کئی زخمی

لندن (پی این آئی)لندن سے سنگاپور جانے والے طیارے میں دوران پرواز توازن خراب ہو جانے کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ کے دوران ایک مسافر ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق منگل کو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے والی سنگاپور ایئرلائنز کی فلائٹ SQ321 کو دوران پرواز فضا میں شدید جھٹکوں کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد طیارے کو بینکاک ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ طیارہ بوئنگ 777-300 ER تھا جس میں 211 مسافر اور عملے کے 18 ارکان سوار تھے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر سنگاپور ایئرلائن نے اپنی پوسٹ میں ایک مسافر کی ہلاکت اور دیگر کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے اور ہلاک ہونے والے مسافر کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

حادثے کا احوال بیان کرتے ہوئے ایک مسافر نے روئٹرز کو بتایا کہ دوران پرواز طیارے کا رخ اوپر کی جانب ہوا اور طیارہ کافی دیر ہوا میں ڈولتا رہا جس کے بعد اچانک اس کا رخ زمین کی جانب ہو گیا۔مسافر نے مزید بتایا ’ٹربیولنس کے دوران جن مسافروں نے سیٹ بیلٹ نہیں لگائی تھی وہ طیارے کی چھت سے جا ٹکرائے۔ کچھ لوگوں کا سر سامان کے کیبن پر جا لگا جس سے وہ زخمی ہوئے۔‘سنگاپور کے میڈیا چینل سی این اے نے مسافروں کی جانب سے لی گئی تصاویر بھی شیئر کیں ہیں جن میں دیکھا گیا کہ طیارے کے مسافر اپنی سیٹوں سے لٹکے ہوئے ہیں اور کیبن میں مسافروں کا سامان اور کوڑے کا ڈھیر بکھرا ہوا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close