ایرانی صدر کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی سند دینے کی منظوری

کراچی (پی این آئی )جامعہ کراچی میں اتوار کے روز ہونے والے سنڈیکیٹ کے خصوصی اجلاس نے متفقہ طور پر ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی سند دینے منظوری دے دی۔

ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کو ڈاکٹر آف فلاسفی کی اعزازی سند کلیہ معارفِ اسلامیہ میں دیئے جانے کی منظوری دی گئی ہے۔واضح رہے کہ ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کو پی ایچ ڈی کی اعزازی سند دینے کی سفارش سندھ کی سرکاری جامعات کے چانسلر اور گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری کی جانب سے بحیثیت چانسلر کی گئی تھی۔اس سلسلے میں جامعہ کراچی کو گورنر سندھ کی جانب سے باقاعدہ خط موصول ہوا تھا جس پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے ایرانی صدر کو پی ایچ ڈی کی اعزازی سند تفویض کرنے کے سلسلے میں سنڈیکیٹ کا خصوصی اجلاس طلب کیا تھا۔واضح رہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی 22 سے 24 اپریل تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق ایرانی صدر دورہ پاکستان کے دوران اسلام آباد، لاہور اور کراچی بھی جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close