تائیوان (پی این آئی)7 اعشاریہ 7 شدت کا زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری۔۔۔تائیوان میں 7.7 شدت کا زلزلہ آیا ہے جس کے نتیجے میں 26 عمارتیں گر گئیں۔حکام کا کہنا ہے کہ تائیوان میں زلزلے سے 4 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوئے ہیں تاہم مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق زلزے کے بعد تائیوان کے دارالحکومت تائی پے کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔7 اعشاریہ 7 شدت زلزلے کے بعد جاپان اور تائیوان میں سونامی الرٹ جاری کیا گیا تاہم بعد میں تائیوان میں جاری کی گئی تمام سونامی وارننگز واپس لے لی گئیں۔..
زلزلہ پیما مرکزکے مطابق زلزلے کا مرکز ساحلی علاقے ہوالین کے قریب تھا، جبکہ اس کی گہرائی 15.5 کلو میٹر زیرِ زمین ریکارڈ کی گئی۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق تائیوان میں زلزلے سے تقریباً 26 عمارتیں گر گئیں، جن میں متعدد افراد پھنسے ہوئے ہیں۔غیر ملکی خبر ایجنسی نے بتایا ہے کہ زلزلے کے بعد چین نے تائیوان کو امداد کی پیشکش کی ہے۔7 اعشاریہ 7 شدت کا زلزلہ تائیوان کے مشرقی ساحل کے قریب آیا، جس کے بعد سمندر میں 3 میٹر لہریں بلند ہوئی ہیں۔جاپان کے جزیرے اوکی ناوا میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی۔جاپان ایئر لائنز کے مطابق سونامی کی وارننگ والےعلاقوں کی جانب سے پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق جاپان میں زلزلے کے بعد جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جاپانی جزیرے اوکی ناوا کے ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن بحال ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ 25 سال بعد تائیوان میں آنے والا یہ شدید ترین زلزلہ ہے۔تائیوان میں 1999ء میں آئے 7.6 شدت کے زلزلے میں 2400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں