نمیبیا کے صدر کا انتقال ہوگیا

ونڈہوک(پی این آئی)نمیبیا کے صدر ہیج گینگوب 82 سال کی عمر میں دارالحکومت ونڈہوک کے ایک ہسپتال میں علاج کے دوران انتقال کر گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گینگوب کو کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور انہوں نے اس کی تفصیلات گزشتہ ماہ عوام کے سامنے ظاہر کی تھیں۔صدر کے انتقال کی تصدیق نائب صدر نانگولو ممبوبا کی جانب سے کی گئی جنہوں نے بتایا کہ ہیج گینگوب کا انتقال اتوار کو علی الصبح ہوا اور ان کے آخری وقت پر ان کی بیوی اور بچے ان کے ساتھ موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ نمیبیا نےلوگوں کے ایک معزز خادم کو کھو دیا ہے۔آئین کے مطابق مبومبا اب صدر کے طور پر کام کریں گے کیونکہ گینگوب کی دوسری مدت صدارت میں ایک سال سے بھی کم وقت باقی تھا اور صدارتی اور پارلیمانی انتخابات نومبر میں پہلے ہی طے پا چکے تھے۔دنیا بھر کے رہنماؤں کی جانب سے گینگوب کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور تعزیتی پیغامات بھیجے جا رہے ہیں۔

ہیج 27 سال جلاوطنی میں رہے، انہوں نے اس دوران بوٹسوانا، امریکہ اور برطانیہ میں وقت گزارا، جہاں انہوں نے سیاست میں پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی حاصل کی اور پھر ملک کی آزادی سے ایک سال قبل 1989 میں نمیبیا واپس آئے۔گینگوب 2015 میں صدر بنے اور وہ اپنی دوسری اور آخری مدت صدارت میں تھے، اس سے قبل وہ ملک کے سب سے طویل عرصے تک وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close