ارب پتی ٹی وی سٹار اور کاروباری شخصیت نے سعودی عرب کے کاروباری دورے کے دوران ہی اسلام قبول کرلیا، عمرہ کی ادائیگی کی تصاویر سامنے آگئی

لندن(پی این آئی)برطانوی ریئلٹی ٹی وی سٹار اور کاروباری شخصیت ڈینی لیمبو نے اسلام قبول کر لیا ہے۔لیمبورگینی گاڑیوں سے محبت کے باعث اپنا نام ڈینی لیمبو رکھنے والے ارب پتی ٹی وی سٹار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا۔

 

سعودی ویب سائٹ اردو نیوز کے مطابق ڈینی لیمبو نے اپنی انسٹاگرام سٹوریز پر’جرنی ٹو مکہ‘ کے نام سے ہائیلائٹس لگا رکھی ہیں جس میں انہوں نے اپنے سعودی عرب کے دورے اور اسلام قبول کرنے کی کہانی بیان کی ہے۔انہوں نے مکہ میں مسجد الحرام میں عمرے کی ادائیگی کے دوران اپنی ویڈیو بھی اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے۔ڈینی نے اپنی پوسٹ میں پیغام دیتے ہوئے لکھا ’آپ کو نہیں پتہ ہوتا کب زندگی آپ کو کس راستے لے جائے۔ میں کاروباری میٹنگ کی غرض سے سعودی عرب گیا مگر اپنے دورے کو مختصر کر دیا۔

‘ڈینی نے مزید کہا کہ ’میں سعودی عرب میں کسی سے ملا جو مجھے مکہ لے گیا، جس کے بعد میرے روحانی اور جذباتی سفر کا آغاز ہوا۔ اب میں ایک نئے مسلمان کے طور پر واپس لندن آچکا ہوں‘۔ڈینی لیمبو کا اصل نام ڈینی کیرن تھا لیکن سپورٹس کار لیمبرگینی پسند ہونے کی وجہ سے انہوں نے اپنے نام ڈینی لیمبو میں تبدیل کر لیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close