مسافر آپے سے باہر ہو گیا

ممبئی(پی این آئی)مسافر آپے سے باہر ہو گیا۔۔۔خراب موسم اور دھند کے باعث کئی بھارتی پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوگئیں، ایسے میں مسافر اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکا اور پائلٹ کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں انڈیگو طیارے کے مسافر کو دیکھا جاسکتا ہے جو پرواز کی 13 گھنٹوں کی تاخیر کے باعث آگ بگولہ ہوگیا اور اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکا اور تاخیر کا اعلان کرتے پائلٹ کو تھپڑ مار کر اپنا غصہ ٹھنڈا کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ انڈیگو طیارے کو دہلی ایئر پورٹ سے گوا کے لیے اڑان بھرنی تھی لیکن دھند کے باعث پرواز وقت پر روانہ نہ ہوسکی

۔واقعے کے بعد ہراسانی کا شکار پائلٹ نے مسافر، جس کی شناخت ساحل کٹاریہ کے نام سے ہوئی ہے، کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پائلٹ کی شکایت پر مذکورہ مسافر کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے کمنٹس میں صارفین تبصرہ کرتے ہوئے مسافر کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ ان سب میں طیارے کا عملہ قصور وار نہیں ہے، انہیں جیسے ہدایات دی جاتی ہیں وہ ویسے ہی کام کرتے ہیں۔واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار سونو سود نے بھی اس واقعے کی مذمت کی اور مسافروں سے صبر کا مظاہرہ پیش کرنے کی درخواست کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close