سعودی عرب کا حج و عمرہ زائرین کیلئے بڑا اعلان

ویب ڈیسک (پی این آئی)سعودیہ ایئرلائن نے جلد ہی حج و عمرہ زائرین کیلئے جدہ سے براہ راست بیت اللہ تک فضائی ٹیکسی سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا، ایئر لائن نے 100 الیکٹرک طیاروں کی خریداری کا معاہدہ بھی کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق جدہ سے براہ راست بیت اللہ تک عازمین کو پہنچانے کیلئے بجلی سے چلنے والے ڈرون کی طرز کے ان طیاروں میں 6 مسافروں کی گنجائش ہوگی، طیارے جدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مسافروں کو براہ راست حرم مکی الشریف لے جائیں گے۔سعودی اخبار 24 کی رپورٹ کے مطابق جدہ میں منعقدہ دوسری حج و عمرہ کانفرنس و نمائش میں السعودیہ ایئرلائن کے پویلین پر الیکٹریکل طیارے کا ماڈل رکھا گیا تھا۔السعودیہ گروپ کے ڈائریکٹر کارپوریٹ کمیونیکیشن انجینئر عبداللہ الشھرانی نے بتایا کہ بجلی سے چلنے والے ان چھوٹے طیاروں میں 4 سے 6 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوتی ہے، یہ طیارے 200 کلو میٹر تک ایک بار چارج کرنے پر باآسانی سفر کرسکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ الیکٹریکل طیاروں کو لینڈنگ کیلئے رن وے کی ضرورت نہیں ہوتی یہ ڈرون کی طرح عمودی شکل میں اترتے اور پرواز کرتے ہیں جس کیلئے خصوصی انجن تیار کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق جرمن ساختہ یہ طیارے حج سیزن میں بھی استعمال کئے جاسکتے ہیں، جن کے ذریعے حجاج کو مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ لے جایا جائے گا۔مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے قریب موجود ہوٹلوں کی چھت پر بنے ہیلی پیڈ پر ان طیاروں کو اتارا جائے گا جہاں سے مسافر محض چند منٹ میں حرم شریف میں جاسکیں گے۔

واضح رہے السعودیہ گروپ نے جرمن کمپنی سے 100 طیارے خریدنے کا معاہدہ کرلیا ہے۔ ایئرلائن کی جانب سے سول ایوی ایشن سے رابطہ کیا جارہا تاکہ طیارے کے کمرشل استعمال کا لائسنس جاری کرایا جاسکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں