ٹوکیو (پی این آئی) جاپان کے صوبے اشیکاوا میں 7.6 شدت کا زلزلہ آیا، زلزلہ کے بعد سونامی وارننگ کو سونامی ایڈوائزری میں تبدیل کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیگاتا، تویامااور اشیکاوا صوبوں کے ساحلی علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری ہونے کے بعد ہزاروں افراد کا انخلا کرا لیا گیا۔شیکا قصبے میں عمارت گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ اس شدید نوعیت کے زلزلے کے نتیجے میں درجنوں عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ سڑکوں پر گہری دراڑیں پڑنے کے ساتھ رہائشی علاقے میں آگ بھڑک اٹھی اور ہزاروں گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں کی شاہراہیں بند اور بلٹ ٹرین سروس معطل کر دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ بحیرہ جاپان کے ساحلی علاقے میں ایک میٹر اونچی سونامی کی لہریں ریکارڈ کی گئیں۔دوسری جانب شمالی اور جنوبی کوریا میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد روس اور شمالی کوریا نے کچھ ساحلی علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں